ایک پنسل کی کہانی پائیلو کوئیلو

Paulo Koehlo پائیلو کوئیلو
پائیلو کوئیلو

ایک پنسل کی کہانی پائیلو کوئیلو

ترجمہ از، غلام شبیر 

ایک لڑکا اپنی دادی اماں کو خط لکھتے دیکھ رہا تھا۔ ایک لمحے میں وہ دادی اماں سے پوچھتا ہے کیا آپ ایسے کاموں سے متعلق کہانی لکھ رہی ہیں، جو ہم کر چکے ہیں؟ کیا ایسی کہانی میرے متعلق ہے؟ اس کی دادی اماں اپنا خط لکھنا چھوڑ دیتی ہیں اور پوتے سے کہتی ہیں۔

“در حقیقت میں آپ کے بارے لکھ رہی ہوں۔ لیکن اس کے الفاظ سے زیادہ اہم پنسل ہے جس سے میں لکھ رہی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ جب آپ بڑے ہوں گے تو اس پنسل کو پسند کریں گے۔“

لڑکا دل چسپی ظاہر کرتے ہوئے پنسل کی طرف دیکھتا ہے۔ یہ کوئی خاص  پنسل تو دکھائی نہیں دیتی، بل کہ یہ تو بالکل کسی ایسی پنسل کی طرح ہے جو میں ہمیشہ سے دیکھتا آ رہا ہوں۔

دادی اماں کہتی ہیں اس کے اہم ہونے کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ چیزوں کو کیسے دیکھتے ہیں۔ ایسا دیکھنا پانچ خصوصیات رکھتا ہے۔ اگر آپ ان پر گرفت کرنا سیکھ جاتے ہیں، تو یہ آپ کی ایسی شخصیت بناتی ہیں جو سدا جہاں میں پر سکون رہتی ہے۔

پہلی خاصیت، آپ میں بڑے کاموں کی اہلیت ہوتی ہے، لیکن آپ کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ یہاں ایک غائبی ہاتھ ہے جو آپ کی رہ نمائی کر رہا ہے۔ ہم اس ہاتھ کو خدا کہتے ہیں اور وہ ہمیشہ ہمیں اپنی رضا کی طرف رہ نمائی کرتا ہے۔

دوسری خاصیت، اسی لمحے مجھے لکھنا روکنا پڑتا ہے اور شارپنر استعمال کرنا پڑتا ہے جس سے پنسل کو تھوڑی بہت تکلیف ہوتی ہے۔ لیکن اس کے بعد وہ بہت اچھی طرح گھڑ جاتی ہے۔ لہذا آپ کو، اسی طرح  اس جیسا درد اور دکھ برداشت کرنا سیکھنا چاہیے۔ اس لیے کہ وہ آپ کو ایک بہتر شخص بنائیں گے۔

تیسری خاصیت، پنسل ہر وقت ہمیں کسی بھی قسم کی غلطیوں کو مٹانے کے لے ربڑ استعمال کرنے دیتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کسی چیز کی درستی کرنے سے ہم عام طور پر برائی کے مرتکب نہیں ہوتے؛ یہ ہمیں توازن کے رستے پر رکھتا ہے۔

چوتھی خاصیت، پنسل میں جو اہم چیز ہے وہ اس کی باہر کی لکڑی نہیں، بل کہ اندر کا سرمہ ہے۔ اسی طرح ہمیشہ آپ کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے اس پر توجہ دیں۔

پنسل کی آخری اور  پانچویں خاصیت، پنسل ہر بار ایک نشان چھوڑتی ہے۔ بالکل اسی طرح، آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہر کام جو آپ زندگی میں کرتے ہیں آپ کے لے ایک نشان چھوڑے گا، اس لیے اپنے ہر عمل میں محتاط رہنے کی کوشش کریں۔

from the book, Like the Flowing River