آن لائن مشاعرے کے صدر مشاعرہ کے لیے سر بَہ مُہر quotations مطلوب ہیں 

سلمان حیدر
سلمان حیدر

آن لائن مشاعرے کے صدر مشاعرہ کے لیے سر بَہ مُہر quotations مطلوب ہیں 

از، سلمان حیدر

زمانہ تو ڈیجیٹل ہوتا ہی جاتا تھا، لیکن کچھ حالات نے بھی اپناالگ رنگ دکھا دیا ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے اور محسوس بھی تو کرتے ہی ہیں کہ کرونا کی وبا کے دوران شاعری کا ہوتے رہنا بھی اشد ضروری تھا۔ اس لیے باعث تحریر آں کہ ایک آن لائن مشاعرے کے لیے ڈیجیٹل مائنڈڈ ہو چکے ایک عدد صدر کی ضرورت ہے۔

صدر مشاعرہ کے لیے جنس اور نسل کی کوئی قید نہیں، لیکن ان کا بنی نوعِ انسان سے ہونا مگر اشد ضروری ہے۔ مطلوب مقاصد کے لیے صدرِ مشاعَرہ کے گھر، یا دفتر میں فائیو جی انٹرنیٹ کنکشن اور ایک علیحدہ کمرے کا ہونا لازمی اور بنیادی امور میں شامل ہے۔ فور جی کنکشن کے حاملین امیدواروں پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

صدر مشاعرہ کے گھر کا منظورِ نظر و مقصد کمرہ گھر میں ہونے کی صورت میں دروازہ بند ہونا چاہیے۔ شُعَراء صدر کے پوتوں پوتیوں، یا نواسے نواسیوں کی سخن فہمی پر کوئی شک نہیں کر رہے، لیکن ان سے داد حاصل کرنے کے متمنی بھی نہیں۔

صدرِ مُشاعَرہ لیٹ کر مُشاعَرے کی صدارت میں قطعی دل چسپی نہ رکھتا ہو اور کرسی پر بیٹھے بیٹھے سو جانے سے پرہیز کرے۔ صدر صدارت کے لیے کرسی کیمرے کے سامنے اس زاویے سے رکھ سکتا ہو کہ پیچھے رکھی میلے کپڑوں کی ٹوکری نظر نہ آئے۔ گذشتہ سال کا کیلنڈر البتہ دکھائی دے سکتا ہے۔

صدر مشاعَرہ آغازِ مشاعرہ کے بعد اپنا مائیک mute کر دے، تا کِہ ان کی ڈکاریں دیگر شاعروں تک نہ پہنچیں اور داد دینے سے پہلے مائیک کھول لے تا کِہ واہ واہ یا ہوں ہوں پہنچ سکے۔


دیکھیے تعلیم کے نام پر:

اپنے جیسے گاؤں کے سکول کے نصاب اور ہم نصاب  از، یاسر چٹھہ 


صدرِ مشاعرہ صدارت کے دوران اپنا کمپیوٹر، بچوں کو گیم کھیلنے کے لیے دے کر جانے سے پرہیز کریں اور کیمرے کے سامنے ناک میں انگلی نہ دیں۔ ناک کی نوک، درمیانی حصے اور کان اندر تک سے بھی کھجانے کی اجازت البتہ دی جا سکتی ہے۔

کان کو بَہ ذریعہ چابی کھجاتے ہوئے اپنے سٹارٹ ہو جانے کا خیال رکھے۔ صدرِ مشاعَرہ کمپیوٹر سے ملحق، یا اس میں نصب شدہ کیمرے کو اس زاویے پر رکھ سکتا ہو کہ ان کا چہرہ مشاعرے میں شریک شاعروں کو نظر آتا رہے۔

شُعَراء عام طور پر صدر کا حلق یا چھت کا پنکھا دیکھنے میں دل چسپی نہیں رکھتے۔ صدر کو کمپیوٹر کا مائیک قلیل وقفوں کے درمیان mute کرنے اور کھولنے میں اس قدر مہارت حاصل ہو کہ time lapse کی سہولت نہ ہونے کے با وجود real time نشریاتب کی واہ واہ یا ہون ہوں عید کا باسی چاند کی خبر جیسا نہ لگے۔

صدرِ مشاعرہ شروع سے کم از کم پانچ منٹ پہلے زُوم اَیپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کر یا کروا چکا ہو۔

صدر کو آواز نہ آنے کی صورت میں بھی شعر سننے اور خطبۂِ صدارت میں ان پر بات کرنے کا تجربہ ہو۔ صدر خالی کمرے میں ایسی ادا کاری کر سکتا ہو جیسے اس کے سامنے دو چار ہزار ناظرین موجود ہیں۔

اگر کوئی شاعر ان تمام شرائط پر تسلسل سے پانچ گھنٹے تک پورا اترتے رہنے کی صلاحیت رکھتے ہوں تو گزشتہ ماہ کے انٹرنیٹ کے ادا شدہ بل کے ساتھ صدارت کی درخواست منتظمین کو ای میل کر کے شکریہ کا موقع دیں۔ یاد رہے کہ یہ موقعہ صرف شکریہ کا ہی ہو گا۔


اس مضمون میں آٹے میں نمک کے برابر ترمیم و اضافہ کے لیے ایک روزن کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کے ایک سابقہ چیئرمین کےسیاق و سباق سے ہٹائے ہوئے الفاظ میں  ہلکی پھلکی  سی تدوین کی گئی ہے۔

About سلمان حیدر 10 Articles
سلمان حیدرفاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات میں درس و تدریس سے وابستہ ہیں؛ با معنی اور جرات اظہار سے تابندہ شاعری کرتے ہیں؛ سماجی اورتنقیدی شعور سے بہرہ ور روشن خیال اور ترقی پسند آدرشوں کے حامل انسان ہیں۔ اس سے پہلے ڈان اردو کے لئے بلاگز لکھتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تنقید ڈاٹ آرگ کے اردو سیکشن کے مدیر ہیں- "تھیئٹر والے' کے نام سے ایک سنجیدہ تھیئٹر گروپ کا اہم حصہ ہیں۔ اعلی درجے کی سماجی و سیاسی طنز ان کی تخصیص ہے۔