پیارے ٹرمپ کے نام مکتوب

سلمان حیدر
سلمان حیدر

پیارے ٹرمپ کے نام مکتوب

از، سلمان حیدر

امید ہے خیریت سے ہو۔ ہم بالکل خیریت سے نہیں ہیں۔ بہت غصے بلکہ جلال کے عالم میں ہیں۔

بھلا تم پر یہ کیا بیتی کے سال نو کے آغاز پر کچھ شُبھ شُبھ بولنے کے بجائے ایک بھنائی ہوئی بلکہ گستاخانہ ٹویٹ کر ڈالی۔ بھلے دنوں کی بات ہے ہم ایسی گستاخی پر تلوار نیام سے نکال لیا کرتے تھے اور داروغۂِ اصطبل اسے اشارہ سمجھ کر اسپ تازی پر زین ڈالنے دوڑا چلا جاتا تھا۔

ایک بار ایسا ہوا کہ تمہاری طرح صبح ہی صبح کسی نے ایسی گستاخی کی ہم بستر سے نکلے، تلوار کو نیام سے نکالا اور شاہی اصطبل کی طرف دوڑے۔

پیارے ٹرمپ

اسپ تازی نے ہمیں جلال کے عالم میں دیکھا تو خدا جانے اسے کیا ہوا کہ وہ بھی داروغۂِ اصطبل کی تشریف پر لات رسید کر کے زین ڈلوائے بنا بھاگ نکلا۔

داروغہ بمشکل اٹھا اس نے پلٹ کر ایک نظر ہمیں دیکھا اور زین وہیں پھینک کر وہ بھی سَرپٹ بھاگا۔

اب صورت کچھ یہ بنی کہ اسپ تازی شہر کے دروازے کی طرف بھاگا چلا جا رہا تھا۔ داروغہ ایک ہاتھ دستار پر رکھے ایک سے جبہ سنبھالے اس کے پیچھے بھاگ رہا تھا اور ہم برہنہ تلوار ہاتھ میں لیے ان دونوں کے پیچھے تھے۔

حدود شہر سے نکلے تو اپنے پیچھے شور سنائی دیا۔ دیکھا تو خدام کا ایک ہجوم بھاگا چلا آ رہا ہے۔

ہم رک گئے۔ سوچا کہیں بغاوت تو نہیں ہو گئی۔ اتنے میں ہجوم قریب آ گیا؛ معلوم ہوا اس کی سربراہی ہمارا معتمد خاص کر رہا تھا جس کے کاندھے پر ہماری پوشاک تھی۔

جلدی میں ہم بستر سے اسی حالت میں نکل آئے جس حالت میں تلوار نیام سے باہر آتی ہے۔ بہت بھد اڑی۔
خیر اس کے بعد سے ہم نے یونہی ذرا ذرا سی گستاخی پر آگ بگولہ ہونا چھوڑ دیا ہے۔

امید ہے یہ پر لطف قصہ پڑھ کر تمہارا غصہ بھی ٹھنڈا ہو چکا ہو گا۔ سو اس 34 ارب کے قصے کو چھوڑو سال کا آغاز ہے کوئی بھلی سی ٹویٹ کرو۔

ہم اور ہماری تلوار ابھی میان سے نکلتے ہیں تو تمہاری ٹویٹ کا جواب بھیجتے ہیں۔

والسلام

ہم خود، دم بخود

About سلمان حیدر 10 Articles
سلمان حیدرفاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات میں درس و تدریس سے وابستہ ہیں؛ با معنی اور جرات اظہار سے تابندہ شاعری کرتے ہیں؛ سماجی اورتنقیدی شعور سے بہرہ ور روشن خیال اور ترقی پسند آدرشوں کے حامل انسان ہیں۔ اس سے پہلے ڈان اردو کے لئے بلاگز لکھتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ تنقید ڈاٹ آرگ کے اردو سیکشن کے مدیر ہیں- "تھیئٹر والے' کے نام سے ایک سنجیدہ تھیئٹر گروپ کا اہم حصہ ہیں۔ اعلی درجے کی سماجی و سیاسی طنز ان کی تخصیص ہے۔