25th April 2024

زیادہ زبانیں جاننا دماغی صحت اور ذہانت کی ضامن

زیادہ زبانیں جاننا دماغی صحت اور ذہانت کی ضامن

زیادہ زبانیں جاننا دماغی صحت اور ذہانت کی ضامن

(سجاگ رپورٹ)

ایک سے زیادہ زبانوں سے آگاہی نا صرف عملی زندگی میں فائدہ مند ہوتی ہے بلکہ اس سے دماغی صحت پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

طبی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جو لوگ ایک سے زیادہ زبانیں بول سکتے ہیں ان کے دماغ چوٹ یا بیماری سے جلد صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ اس کے بجائے جو لوگ ایک ہی زبان جانتے ہیں ان کے دماغ کسی وجہ سے متاثر ہو جائیں تو صحت یابی اتنی آسان نہیں ہوتی۔

سائنس دان کہتے ہیں ایک سے زیادہ زبانوں سے واقفیت رکھنے والے لوگ کئی اعتبار سے دوسرے لوگوں سے آگے ہوتے ہیں۔ جن بچوں کے والدین دو زبانیں جانتے ہیں ان میں ابتدائی عمر میں ہی ذہنی ترقی کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔

ایسے بچے بولنے کی عمر سے پہلے ہی تیزی سے سیکھنا شروع کر دیتے ہیں۔ ان میں ناصرف ایک سے زیادہ زبانیں سیکھنے کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے بلکہ روزمرہ زندگی کے دیگر معاملات کو بھی جلدی سیکھ لیتے ہیں۔

ان باتوں کی تصدیق کے لیے سائنس دانوں نے ایک تجربہ کیا جس میں 11 ماہ کے 16 بچے شامل کیے گئے تھے۔ ان میں 8 بچوں کے والدین صرف انگریزی بول سکتے تھے جبکہ 8 کے والدین انگریزی اور سپینش دونوں زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔

سائنسدانوں نے ان بچوں کو انگریزی اور سپینش الفاظ پر مشتمل 18 منٹ کی تقریر سنائی اور اس دوران ان کی ذہنی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ایک سے زیادہ زبانیں جاننے والے لوگ زیادہ خوش رہتے ہیں۔ ان میں سیکھنے کی صلاحیت دوسروں سے زیادہ ہوتی ہے اور وہ اپنی بات اچھے انداز میں سمجھا سکتے ہیں

زیادہ زبانیں جاننا دماغی صحت اور ذہانت کی ضامن

اس دوران صرف انگریزی بولنے والے والدین کے بچوں نے یہ آواز سن کر معمولی ردعمل دیا اور وہ دونوں زبانوں میں فرق کا اندازہ نہ کر سکے۔ مگر انگریزی اور سپینش دنوں زبانوں سے واقفیت رکھنے والے والدین کے بچوں کا اس تقریر پر ردعمل قابل ذکر تھا۔

سائنس دانوں نے بچوں کو آواز سناتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ والدین سے دو زبانیں سننے والے بچوں کے ذہن ناصرف چیزوں کو ایک جگہ جمع کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ درست فیصلہ کرنے کی اہلیت کے حامل بھی ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایسے بچوں نے دونوں زبانوں کے لیے ذہنی حساسیت کا اظہار کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ دونوں زبانیں ان کے گھروں میں بولی جاتی ہیں۔ اس نتیجے سے یہ بات بھی سامنےآئی کہ ایک سے زیادہ زبانیں جاننے والے لوگ زندگی میں زیادہ خوش رہتے ہیں ان کے پاس الفاظ کا ذخیرہ بھی زیادہ ہوتا ہے اور وہ اپنی بات کو بہت اچھے طریقے سمجھا سکتے ہیں۔

ایسے لوگوں کے ذہن دوسروں کی نسبت زیادہ صحت مند ہوتے ہیں اور اگر کبھی ان کے دماغ کسی بیماری یا چوٹ کا شکار ہو جائیں تو وہ جلدی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔