عزیز احمد کے ناول ‘آگ’ میں سلگتا ہوا کشمیر

Atifaleem aikrozan
محمد عاطف علیم

عزیز احمد کے ناول ‘آگ’ میں سلگتا ہوا کشمیر

تبصرۂِ کتاب از، محمد عاطف علیم

ایک جہنم وہ ہے جو افلاطون کے بیان کردہ عالَمِ امثال میں ہے اور جو ہمارے اجتماعی لا شعور سے منعکس ہوتا ہوا ہمارے شعوری تصورات میں مبہم طور پر موجود رہتا ہے۔ مختلف اقوام کی اساطیر سے لے کر الہامی کتب تک جا بَہ جا اس جہنم کا بیان نا فرمانی کے مرتکب لوگوں کے لیے سامانِ عبرت کے طور پر موجود ہے۔

مغرب میں نشاۃِ ثانیہ کے اریب قریب دانتے نے ڈیوائنا کامیڈیا میں اپنے پر بہار تخلیق کے زور پر اس کی نقشہ بندی کرنے کی فن کارانہ کاوش بھی کر رکھی ہے۔

سو ایک جہنم وہ ہے جو نا دیدہ ہے اور ایک جہنم وہ ہے جو عافیت کدوں میں چھپی مجہول انسانیت کو بَہ نظرِ تحقیر دیکھتا ہوا ہماری آنکھوں کے عین سامنے ہے۔

اس جہنم سے بلند ہوتے شعلے اور اس میں جرمِ ضعیفی کی سزا پاتے انسان ٹی وی سکرینوں اور اخباروں کی سرخیوں کے ذریعے ہر روز ہماری انسانیت کو پکارتے ہمیں دکھائی دیتے ہیں۔ اور واللہ! جہنم بھی ایسا کہ اس کے حسن کو دیکھ کر جنت بھی شرما جائے۔

کشمیر جس کے ملکوتی حسن پر شُعَراء کا تخیل مچل مچل اٹھتا ہے فلسطین کے بعد دوسری سَر زمین ہے جس میں جذبۂِ آزادی کو دبانے کے لیے آگ دَہکائی گئی ہے اور اس کا ایندھن وہ جوان ہیں جن کے ہونٹوں پر حرفِ انکار اور دلوں میں آزادی کی نیلم پری رقصاں ہے۔

وہ اطاعت کرنے اور سر جھکا دینے سے انکاری ہیں، سو بدلے میں اکھنڈ بھارت کے پجاریوں نے ان پر اپنی ہی زمین تنگ کر دی ہے اور ان کے قبرستانوں کو وسیع کر دیا ہے۔

تین دَھائیوں میں ستر ہزار قبریں اور ٹارچر سیلوں کی پتھریلی دیواروں سے سر ٹکراتی لا تعداد چیخیں آزادی کی کوئی بڑی قیمت نہیں ہے۔

فلسطین میں بھی جانے کتنے قبرستان آباد ہیں، اور جانے کتنے زندان خانوں میں ہڈیوں کے کڑکنے کی صدائیں منجمد ہیں، لیکن ان ہر دو جگہوں پر ظلم کی قہرمانی آزادی خواہوں کے جذبۂِ حریت کو دبانے میں بری طرح نا کام رہی ہے، کیوں کہ انسانی تاریخ گواہ ہے کہ جذبۂِ آزادی کو دبایا تو جا سکتا ہے اسے تسخیر نہیں کیا جا سکتا۔

سو جواں لہو کی پُر اسرار شاہ راہوں پر چلنے والے، اپنی آنکھوں میں پیِلٹ گنوں کے چَھرے لیے آزادی کی اس منزل کی جانب بڑھے چلے جا رہے ہیں، جو کوئی کچھ بھی کر لے، بَہ ہر حال ان کا مقسوم ہے۔

کشمیر کی جد و جہدِ آزادی نہ تو پانچ اگست 2019 کے روزِ سیاہ رُو نُما ہونے والا اپنی نوعیت کا کوئی واحد واقعہ ہے نہ اس کی رُوداد کو گذشتہ تین دَھائیوں تک محدود کیا جا سکتا ہے۔

کشمیر میں رُو نما ہونے والے حالیہ واقعات میں سے ہر واقعہ اس بڑے الاؤ کا انگارہ ہے جو اکبر بادشاہ کی جانب سے کشمیر کی آزادی کو چھین لینے کے بعد سے دلوں میں روشن ہونا شروع ہو گیا تھا اور جو کبھی زیرِ زمین اور کبھی بَر سرِ زمین رہ کر اپنی تپش سے جذبۂِ، ہمالیہ اور قراقرم کو دھکاتا رہا ہے۔

کشمیر کے زبانی اور تحریری ادب میں ہزار سالہ معلوم تاریخ کی کروٹیں موجود ہیں، لیکن یہ ادب ہماری نگاہوں سے اوجھل ہے۔

اس کے علاوہ اردو میں اقبال سے حفیظ جالندھری اور ما بعد تک کشمیر کے حسن کے قصیدے ہی نہیں ملتے، بَل کہ کشمیریوں کی مفلسی اور زبُوں حالی کی تصویری جھلکیاں بھی ملتی ہیں۔

خاص طور پر اقبال نے کشمیری نژاد ہونے کے تئیں جس درد مندی کے ساتھ روحِ آزادی کشمیر کی بات کی ہے، وہ آج بھی دلوں کو گرماتی ہے۔ لیکن جب کشمیر کے آلام کی فنی و تخلیقی سطح پر تصویر کَشی کی بات کی جاتی ہے تو اردو فکشن خاص طور پر ناول نے باالعموم اس سے اغماض برتا ہے۔


مزید دیکھیے:

کشمیر میں ساز و آواز کی سیاست  از، پروفیسر فتح محمد ملک


اگر ہم کسی دور کی صداقتوں کو پانا چاہیں یا کسی جگہ برپا ہونے والے انسانی تماشے کی گہرائی میں اترنا چاہیں تو لا محالہ ہمیں اس حوالے سے لکھے گئے ناول کی جانب پلٹنا پڑے گا کیوں کہ ناول ہی ایک ایسی صنف ہے جو دورِ جدید کے رزمیہ کو لے کر چلتی ہے کیوں کہ اس میں تہذیبی اور معاشرتی وسعتوں اور پیچیدگیوں کو تمام تر تضادات کے ساتھ اپنے اندر سمیٹنے کی فطری قوت موجود ہوتی ہے۔

سو ہم کشمیر کی صورتِ حال بھی سیاسی پنڈتوں اور تجزیہ نگاروں پر نہیں چھوڑ سکتے، ہمیں بَہ ہر حال اس تمام تر صورتِ حال کے جامِع ادراک کے لیے بَہ حیثیتِ صنفِ ناول کی ورق گردانی کرنا ہو گی۔

اردو ناول کو وجود میں آئے ڈیڑھ سو سال ہونے کو آئے ہیں، لیکن آج بھی ہمارے پاس لے دے کر صرف دو ناول ہیں جن میں خاص طور پر کشمیر کو موضوع بنایا گیا ہے۔ ایک کرشن چندر کا شکست اور دوسرا عزیز احمد کا آگ ہے۔

کشمیر ی عوام کی بد ترین غربت، سماجی پس ماندگی اور استحصال دونوں کا موضوع ہے، مگر الگ الگ انداز میں۔ شکست میں کشمیر کی معروضی صورتِ حال کا ذکر کم اور کرشن چندر کی مخصوصی انقلابی رومانویت زیادہ ہے۔

یوں بھی اس کا بنیادی موضوع کشمیر کی سیاسی و سماجی صورت حال بِہ جائے ہندو سماج میں ذات پات کے سفاکانہ نظام کے تحت انسانوں کی اونچ نیچ ہے اور پھر اس کے مرکزی کردار بھی منفعل اور عمل کی قوتِ محروم ہیں۔

اس طرح لے دے کر ہمارے پاس ایک ہی ناول آگ ہے جس میں نہایت شعوری طور پر کشمیر کی صورت حال کو تاریخی تناظر اور انسانی عمل کے ذریعے سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

پروفیسر عزیز احمد (1978-1914) قبل از تقسیم اردو فکشن کے ارتقائی دور کی ایک ممتاز شخصیت ہیں۔ وہ اردو کے رجحان ساز ناول نگار کے طور پر تسلیم کیے جاتے ہیں۔ ان کے ناولوں کی خاص بات ان کی علمیت میں سے جنم لینے والا سیاسی و سماجی شعور اور فنی پختگی ہے۔

ان کا کمال ہی یہ ہے کہ اُنھوں نے تقسیم سے قبل کے ادبی منظر نامے میں اردو ناول کے رجحانات کو نئے ذائقوں سے رُو شناس کرایا تھا۔ عزیز احمد نے آگ کے علاوہ گریز اور ایسی بلندی ایسی پستی جیسے کام یاب ناول لکھ کر اردو ناول میں قابلِ قدر اضافے کیے ہیں (میں نے دانستہ طور پر ہوس، مرمر اور خون اور شبنم کا ذکر نہیں کیا کیوں کہ وہ خود بھی کھلی جنسیت پر مبنی اپنے ان کم زور ناولوں کے ذکر سے شرماتے تھے)۔

ناولوں کے علاوہ انھوں نے خدنگ جستہ اور جب آنکھیں آہن پوش ہوئیں جیسی یادگار طویل کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ انھیں تیس کی  دھائی میں نظام حیدر آباد کی بہو شہزادی در شہوار کے پرائیویٹ سیکرٹری کی حیثیت میں اس کے جلو میں گرمیاں گزارنے کے لیے کشمیر جانے کا موقع ملا۔ یہ یادگار سفر ہی ان کے سب سے مؤثر ناول آگ کی تخلیق کا باعث بنا۔

پروفیسر عزیز احمد نے اپنے قیام کے دوران کشمیر کو ایک لا تعلق سیاح کی تماش بین نگاہ سے دیکھنے کی بَہ جائے ایک ناول نگار کی نگاہ سے دیکھا اور پھر اپنے ناول کا مواد حاصل کرنے کے لیے وہ مزید دو مرتبہ کشمیر گئے۔

واقفانِ حال کہتے ہیں کہ انھوں نے جہلم کے کنارے ایک دکان دیکھی جس کے باہر موٹے الفاظ میں خواجہ غضنفر اینڈ سکندر جو لکھا ہوا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے دکان میں جا کر وہ سب کچھ دیکھا جس کی تفصیل ناول میں موجود ہے۔

یوں ناول کے مرکزی کردار محض ان کے تخیل سے برآمد نہیں ہوئے بَل کہ بر سرِ زمین حقیقی وجود رکھتے ہیں۔ وہ خود کشمیری نہیں تھے لہٰذا انھوں نے کشمیر کی حقیقی روح کو پانے کے لیے بہت محنت کی تا کہ کہیں بھی تصنع کی پرچھائیں تک نہ پڑے۔

اس دوران انھوں نے کشمیر کے سیاسی و سماجی معاملات کو باریک بینی سے دیکھا، اس کے تضادات اور تناقصات کو سمجھا اور ایک ناول نگار کی حیثیت سے صورت حال کا تجزیہ کیا اور ان سب کا حاصل 1942 میں ایک ناول آگ کی صورت میں سامنے آیا۔ اس سے پہلے وہ گریز جیسا کام یاب ناول لکھ چکے تھا۔

آگ کے دو حصے ہیں: شنیدہ اور دیدہ۔ انھوں نے اس ناول میں کشمیر کی سیاسی، سماجی اور تہذیبی صورتحال کو ہندوستان کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں لکھا ہے۔ یہ ناول 1918 سے 1924 کے درمیانی عرصے کا احاطہ کرتا ہے۔ یہی وہ عرصہ ہے جو کشمیر کی سیاسی تاریخ میں فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔ کشمیر کی غلامی اور کشمیریوں کے خلاف ہونے والی ننگی جارحیت کے تمام تانے بانے اسی دور کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

پروفیسر رالف رسل جو برطانیہ کے قیام کے دوران عزیز احمد کے قریبی دوستوں میں شامل تھے۔ اپنے ایک مضمون عزیز احمد، جنوبی ایشیا، اسلام اور اردو میں آگ کے بارے میں لکھتے ہیں:

“جس چیز کی عزیز احمد کے ناول آگ میں کمی نہیں ہے وہ ہے جنوبی ایشیاء کی حقیقتوں کی صاف اور واضح تصویروں کی گیلری کا ہونا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انھوں نے مغرب کی مَثبت اقدار کو اپنے اندر سمونے کے با وجود اپنی مقامی روایت کے ساتھ تعلق منقطع نہیں کیا تھا۔”

کشمیر کا مسئلہ چالیس کی طوفانی دَھائی کے بعد پیش آنے والے مسائل میں سب سے سنگین انسانی مسئلہ ہے جس کے بارے میں ارون دتی رائے اپنے ایک مضمون میں اس خوف کا اظہار کر چکی ہیں کہ اگر اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہ کیا گیا تو اس کا حتمی نتیجہ بر صغیر میں ایٹمی تباہی کی صورت میں بھی برآمد ہو سکتا ہے۔

کشمیر میں 1930 اور 1940 کی دھائیوں میں ہونے والی سیاسی جد و جہد نے مستقبل میں کشمیر کی سیاست کا رخ متعین کر دیا تھا۔ عزیز احمد کا ناول آگ اسی دور کا احاطہ کرتا ہے اور اس دور کی واضح تصویریں ہمیں کہیں اور نہیں صرف آگ میں ہی دکھائی دیتی ہیں۔ یوں کہ 220 کے لگ بھگ صفحات میں کشمیر کی روح سمٹ آئی ہے۔

آگ میں سیاسی، تہذیبی اور سماجی صورت حال کو واضح کرنے کے لیے کہانی جُو خاندان کی تین نسلوں کے گرد تانا بانا بنتی ہے۔ اس خاندان کا سربراہ ملک التجار، سرخیل سوداگراں، خواجۂِ بازارگاں، خواجۂِ قالین فروشاں قسم کا ایک چرب زبان کشمیری تاجر خواجہ غضنفر جُو ہے۔

پیسے اور جنسی ہوَس کا مارا غضنفر جو اس مہاجنی نظام کا نمائندہ ہے جس نے کشمیر کو بد ترین افلاس اور پس ماندگی کی زنجیروں میں جکڑ رکھا تھا۔

پیسے کا کوئی مذہب ہوتا ہے نہ وہ کسی بھی طرح کی انسانی اخلاقیات پر یقین رکھتا ہے، لہٰذا خواجہ غضنفر جو اپنے قالین، نمدے اور جواہرات کے زیادہ سے زیادہ دام کھرے کرنے کے لیے گاہک کے مذہبی و سماجی رجحانات کے مطابق اپنا بیانیہ بدل لیتا ہے۔

اپنی چرب زبانی سے کمائی دولت کی چمک سے وہ ’زون‘ جیسی چاند چہرہ عورتوں کے جسموں کو اپنے تصرّف میں لاتا ہے (کشمیری زبان میں ’زون‘ کا مطلب چاند ہے)۔ اور جب ’زون‘ کا ناکام عاشق اور اس کا بد صورت کزن رمضانا اس کا جسم حاصل ہونے کی آخری امید گنوا چکنے کے بعد ’چاند‘ پر تیزاب پھینک کر اسے جھلسا دیتا ہے تو خواجہ غضنفر جو کا دروازہ بھی اپنی ’ماشوک‘ پر ہمیشہ کے لیے بند ہو جاتا ہے۔

چُوں کہ کشمیر کی طرح ہم نے کشمیر پر لکھے اس لا جواب ناول کو بھی بھلادیا ہے، اس حد تک شاید بہت سے ایسے قاری بھی ہوں جو اس ناول سے ہی بے خبر ہوں لہٰذا ہمیں مضمون کی درست تفہیم کے لیے بَہ امرِ مجبوری ناول کی کہانی کو اقتباسات کے ساتھ بیان کرنا پڑے گا۔

ناول کے پہلے حصے ’شنیدہ‘ کی ابتداء میں ناول نگار ہمیں بیسویں صدی کی پہلی دو دھائیوں کے کشمیر سے تعارف کراتا ہے۔ ناول کے آغاز میں ایک تجارتی قافلہ ہے جو کشمیر اور لداخ کی سرحد پر واقع ساڑھے گیارہ ہزار فٹ بلند درہ زوجی لا میں برف باری اور ایوالانش میں پھنسا ہوا ہے۔

یہ قافلہ خواجہ غضنفر جو کے لیے لداخ، تبت، کاشغر اور یارقند سے قالین، نمدے اور قیمتی جڑاؤ زیورات کوڑیوں کے مول خرید کر لا رہا ہے تا کہ خواجہ غضنفر جو ان چیزوں کو اپنی جہلم کے تیسرے پل کے قریب واقع دکان میں منڈلاتی ادھیڑ عمر میموں، پنڈتانیوں اور راجوں مہاراجوں کو کئی گنا زیادہ دام پر بیچ کر اپنی بزنس ایمپائر کو مستحکم کر سکے۔

اولین باب میں ہم زوجی لا میں برفانی طوفان کی خوب صورت منظر نگاری کے دوران ایک جانب کشمیر کے لداخ، چین اور وسطِ ایشیاء کے ساتھ تجارتی و سیاسی روابط سے بھی رُو شناس ہوتے ہیں تو دوسری جانب ہمیں بلند سلسلہ ہائے کوہ کی وادیوں میں پھیلی ہول ناک غربت اور کَسمَپُرسی سے بھی آگاہی ہوتی ہے۔

ناول نگار زوجی لا درے سے ہمارا تعارف یوں کراتا ہے:

”اس راستے سے انسان آئے، مہاجنی نظام آئے، سامراج آئے، جراثیم آئے، قالین آئے، نمدے آئے، تعصبات آئے۔ اس انسان اور حیوان کے ساتھ جو آیا کرتا ہے، سب آیا۔ یہ ساڑھے گیارہ ہزار فِیٹ اونچا درہ زوجی لا، یہ ہمالیہ کی پاک پیشانی پر کلنک کا ٹیکہ۔“

خواجہ غضنفر جو کی بزنس ایمپائر جن پایوں پر کھڑی ہے ان میں ایک ریاستِ کشمیر کی اشرافیہ ہے جو شدید منافقت، کام چوری اور عوام دشمنی سے اپنی طاقت کشید کرتی ہے، دوسرا پایہ دوسرے تیسرے درجے کے انگریزوں اور ہندوستانی ریاستوں کے نمائشی راجوں مہا راجوں پر مشتمل ہے جن کے پاس لٹانے کو دولت بہت ہے جب کہ ایک اور پایہ رجبا نان بائی جیسے انسانی شرف سے عاری کرداروں نے اپنے کم زور کندھوں پر اٹھا رکھا ہے۔

رجبا نان بائی اپنی بیوی زون کو خواجہ غضنفر جو کے پاس اس لیے بھیجتا ہے کہ وہ میرا کدل میں ایک اور دکان کھول سکے۔ اور ستواں ناک، بڑی بڑی چمک دار آنکھوں اور انگاروں کی طرح دہکتے ہونٹوں والی زون جس کے جووں سے بھرے میلے پھیرن کی جگہ اگر اسے ”کاڑھے ہوئے سلمہ ستارے کے کام کی پشواز پہنا دی جاتی تو وہ کسی راج کی مہا رانی معلوم ہوتی،“ لیکن وہ رجبا کے لیے محض ایک جسم ہے جسے بیچ کر وہ اپنا کاروبار بڑھا سکتا ہے۔

یوں رجبا نان بائی خواجہ غضنفر جو کا ہی سایہ ہے البتہ دونوں میں فرق دولت کی مقدار کا ہے جو ان کی قسمتوں کا تعین کرتی ہے۔

جُو خاندان کی دوسری پیڑھی کا نمائندہ خواجہ سکندر جو ہے۔ یہ اپنے باپ کا ہی پَرتو ہے لیکن قدرے نئے رنگ میں رنگا ہوا ہے۔ یہ 1918 کا ذکر ہے کہ اس زمانے کی مسلم اشرافیہ کے رواج کے مطابق غضنفر جو اپنے اکلوتے بیٹے کو تعلیم یافتہ اور ایک انگریزی خواں مسلم اشرافیہ کا نمائندہ بنانے کی غرض سے خود علی گڑھ چھوڑ کر آتا ہے۔

اس زمانے میں غضنفر جو کا کاروبار خوب چمک رہا تھا۔ اسے تعلیم یافتہ نہیں کاروباری بیٹا چاہیے تھا۔ تعلیم تو آدمی کو ضائع کر دیتی ہے۔ لالہ خوش حال چند کا بیٹا ایم اے کرنے کے بعد “عدم تعاون تحریک میں ضائع ہو گیا تھا۔”

جب سکندر جُو علی گڑھ کی تعلیم اور تربیت پا کر اپنے لوکیل میں واپس آتا ہے تو لوگ حیران ہو کر ایک کلین شیو نو جوان کو دیکھتے ہیں جو سرج اور ٹویڈ کے سوٹ پہنے رکھتا ہے اور پورے کشمیر میں اس جیسا فیشن ایبل اور کوئی نہیں ہے۔

وہ داڑھی منڈوانے اور سوٹ پہننے جیسی”کافرانہ عادات“ تو اپنا لیتا ہے لیکن قدامت کے ساتھ وابستگی کے اظہار کے لیے وہ سر پر استرخانی سمور کی ٹوپی پہننے رکھتا ہے۔

اس کا باپ اسی پر خوش ہے کہ ”لاکھ سوٹ پہنے وہ مسلمان تو معلوم ہوتا ہے اور خواجہ غضنفر جو کے قلب کو اس سے بڑی طمانیت تھی۔“

سکندر جُو اپنے باپ کی کھڑی کی ہوئی بزنس ایمپائر کے لیے زیادہ کارآمد تھا کہ اب وہ گوری میموں اور گورے صاحبوں کے ساتھ زیادہ روانی کے ساتھ ”یس میم … نو میم“ کر سکتا تھا۔

تعلیم یافتہ ہونے کے باعث وہ کشمیر کی ہندو اور مسلم اشرافیہ نیز ریاستی اشرافیہ کے ساتھ بھی زیادہ سہولت کے ساتھ تال میل بنا سکتا تھا۔

اس کے ساتھ ہی وراثت میں ملی ہوئی ہوَس، lust بھی اس میں فراواں تھی جس نے آگے چل کر سکندر جو کی تشکیلی ساخت میں بہت اہم کردار ادا کرنا تھا۔

جُو خاندان میں دولت اور عورت کے جسم کی ہوَس ساتھ ساتھ چلتی تھیں۔ اگر باپ کے کھیلنے کے لیے زون کی صورت میں ایک خوب صورت کھلونا موجود تھا تو بیٹے نے اسی زون کی بیٹی فضلی کو اپنے لیے چن لیا تھا۔

فضلی جو سکندر کے خادمِ خاص امدو کے الفاظ میں ”نطفۂِ نا تحقیق“ تھی اور اپنی ماں سے دس گنا زیادہ حسین تھیں، نفسیاتی وجوہات کی بناء پر سکندر جو جیسے ”پرنس“ سے نفرت کرتی تھی۔

کہانی میں صراحت سے تو نہیں بتایا گیا لیکن قاری فضلی کے لا شعور میں داخل ہو کر جان سکتا ہے کہ سکندر جو سے اس کی بَہ ظاہر نا قابلِ فہم نفرت کے عقب میں یہ خوف بھی موجود ہے کہ کہیں اس کے ہاتھوں وہ اس جیسے کسی انجام کا شکار نہ ہو جائے جو اس کی ماں زون کا ہوا تھا۔

ناول نگار ہمیں واضح طور پر تو نہیں بتاتا لیکن قاری خود جان سکتا ہے کہ فضلی کے پاس اپنی نفرت کے کئی جواز موجود تھے، سب سے مضبوط جواز یہ تھا کہ وہ اس شخص کا بیٹا تھا جس کی وجہ سے اس کی ماں کا چاند چہرہ بھیانک ہوا تھا اور دوسرا یہ بھیانک امکان کہ اگر چِہ یہ واضح نہیں، لیکن وہ سکندر کے باپ کی بیٹی یعنی اس کی بہن بھی ہو سکتی ہے؛ دوسری جانب فضلی کی نَخوَت اور نا رسائی سکندر جو کی “مردانگی” اور ”کارپوریٹ انا“ کے لیے تازیانہ بن چکی تھی۔

فضلی کی نفرت سکندر جو کے لیے کتنی بھی جنوں خیز ہو لیکن وہ یہ بھی جانتا تھا کہ فضلی ایسی برفانی چوٹی ہے جسے دولت کی رعد سے پگھلایا جا سکتا ہے اور پھر وہ امدو کی امداد سے ”چار سو روپے نقد اور سونے کے کنوراج اور تالارز“ کی حدت سے اپنی سہاگ رات سے اگلی رات کواس برف زار کو پگھلانے اور یہ ثابت کرنے میں کام یاب ہو جاتا ہے کہ دولت سے ہر جذبے کو رام کیا جا سکتا ہے چاہے وہ خالص نفرت ہی کیوں نہ ہو۔

علی گڑھ کی تعلیم ہر جگہ اس کے کام آ رہی تھی۔ فضلی سے فراغت پانے کے بعد اب اس کے سامنے باپ کی بزنس ایمپائر کی جڑیں دور تک پھیلانے کا چیلنج درپیش تھا۔

یوں اس نے ہندوستان کے دوسرے شہروں میں بھی سال بہ سال اپنی دکان کی برانچیں کھولنا شروع کر دیں جس کے بعد دھن ٹوٹ کر ان پر عاشق ہو گیا۔ سب سے پہلے ادھیڑ عمر انگریز طوائف مسز ایشلے، پھر فضلی اور پھر چل سو چل ہر طرح کی ادھیڑ عمر میمیں اور میلے کچیلے چاند چہرے سکندر جو کو دعوت مبارزت دینے کے لیے تیار تھے اور وہ ہاتھ میں چاندی کا عصا تھامے ہر چوٹی کو سر کرنے کے لیے بے تاب تھا۔

یوں دولت اور نسوانی جسم ایک دوسرے کے ساتھ ٹکراتے رہے اور جو خاندان اپنی دوسری پیڑھی میں نئی منزلیں سر کرتا گیا۔

اس خاندان کی تیسری پیڑھی انور جو سے منسوب ہے۔ اس پیڑھی تک پہنچتے پہنچتے کہانی بیسویں صدی کی تیسری سے چوتھی دھائی میں داخل ہو رہی ہے۔ انور جو بہت سے حوالوں سے اپنے باپ اور دادا سے مختلف ہے۔

وہ بدلے ہوئے کشمیر کا نو جوان ہے جو ایک جانب اپنے باپ کے جنسی ایڈونچرز کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دوسری جانب وہ کشمیر کے سیاسی مستقبل کے لیے پریشان ہے۔ اور پھر وہ شیخ عبدالرحمٰن (شیخ عبداللہ) کی نیشنل کانفرنس کی کانگریس نوازی کو مسترد کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے ساتھ وابستگی کا عَلَم اٹھا لیتا ہے۔

انور جو کے ہوش سنبھالنے سے بہت پہلے ہی کشمیر پر صدیوں سے طاری سرد انجماد میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی تھیں۔ ڈوگرہ راجاؤں نے بہت مدت تک بِہ زورِ طاقت کشمیر کو ارد گرد کی دنیا حتیٰ کہ ہندوستان میں رُو نُما ہونے والی سیاسی کَروَٹوں سے محفوظ رکھنے کا اہتمام کر رکھا تھا۔

لیکن اب معاملات ڈوگرہ حکومت کی دسترس سے نکل رہے تھے۔ ایک جانب کشمیر کی وادی میں بیداری کی زیرِ زمین لہریں تھیں جو کبھی کبھار زلزلے بپا کرنے کا باعث بن رہی تھیں۔

ان میں ایک زلزلہ 1924 میں سری نگر کے قریب سلک فیکٹریوں کے پانچ ہزار مزدوروں کی غیر انسانی سلوک سے نجات کے لیے کی جانے والی ہڑتال بھی تھی۔

اس ہڑتال پر ڈوگرہ فوج نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ہڑتالی مزدوروں پر فائر کھول دیا تھا جس کے نتیجے میں بہت سی جانیں چلی گئیں۔ اس پر شاید کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار غم اور غصے کی شدت سے لوگ باہر نکل آئے جِنھیں بہت اطمینان سے گھیر کر شکار کیا گیا۔

یوں 1924 کا سال کشمیر کی بیداری کا عنوان بن گیا۔ اور جب کشمیر بیدار ہونا شروع ہوا تو کشمیر کے عام لوگوں کی ذہنی یبوست کی علامت اور صاحب لوگوں کے ازلی خادم ”الف لیلیٰ کے حجام کی اولاد شعبانا ہانجی کے جوان بیٹے ممدا کا مغز خراب ہو گیا۔“

دوسری جانب ایک اور آگ تھی جو روس میں اشتمالی انقلاب آنے کے بعد شمال کی جانب سے لپکتی چلی آ رہی تھی۔ روسی انقلاب کے لیڈر لینن نے مسلمانوں کے نام ایک پیغام جاری کیا تھا جس میں مساوات اور برابری اور مذہبی رواداری کا وعدہ کیا گیا تھا۔

اس پیغام میں وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے علیحدگی اور حقِ خود ارادیت کا وعدہ بھی شامل تھا۔ جب سکندر جو دولت کے بَل پر فضلی کے حسن کو تسخیر کر رہا تھا عین اس وقت ترکستان اور دیگر وسط ایشیائی ریاستوں کی کمیونسٹ پارٹیاں مسلمان مزدوروں پر اعتماد کی قراردادیں پاس کر رہی تھیں اور اپنے دروازے سرخ فوج پر کھول رہی تھیں۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ کشمیر میں مہاجنی نظام اپنی قدیم عادتیں چھوڑنے پر آمادہ دکھائی نہیں دے رہا تھا:

“ایک جانب سمرقند و بخارا کی کفِ خاک انگڑائی لے رہی تھی تو دوسری جانب سری نگر کی چاندی فضلی اور اس کی بہنوں کی آبرو اور خد و خال پر نثار ہو رہی تھی۔”

اس کے ساتھ ساتھ ایک اور آگ بھی تھی جو ہندوستان کی سمت سے کشمیر کی جانب بڑھ رہی تھی۔ پہلی جنگ عظیم کے بعد ہندوستان کی سیاسی نقشہ بندی میں تغیر رُو نما ہو چکا تھا۔ اپنی سب سے منافع بخش نو آبادی پر برطانوی راج کی گرفت کم زور پڑ چکی تھی اور ان کی غلام جنتا کئی طرح کے دھڑوں میں منظم ہو رہی تھی:

“جنوب میں دوسری قسم کی ہلکی ہلکی آگ پھیلتی جا رہی تھی۔ جلیاں والہ باغ میں انسان گھٹنوں اور کہنیوں پر رینگے اور ان پر آگ برسی اور پھر ہوتے ہوتے ملک میں آگ لگ گئی، لگتی گئی اور پھیلتی گئی اور اس لگتی اور بجھتی ہوئی آگ کے خاکستر میں اپنوں نے اپنوں کو بھون بھون کر کھانا شروع کر دیا۔ اسی آگ کی چنگاریاں پیر پنجال کی سفید مانگ پر بھی پڑیں اور صدیوں کی سردی پگھلنے لگی۔”

شمال اور جنوب کی سمت میں آنے والی آگ کشمیر کے اپنے اندر راکھ میں خُفتہ چنگاریوں کو بھڑکاتی ہوئی غضنفر جو کی دکان تک بھی پہنچ چکی تھی:

“اور واقعتاً کشمیر میں آگ کے سوا اور ہے کیا… کیا یہ آگ مہاجنی نظام اور جاگیر داری نظام کو نہ جلائے گی؟ ہر طرف آگ ہی آگ؛ بھوک کی آگ، چنار کی آگ، لالے کی آگ اور بیماریوں کی آگ۔”

تاہم کشمیر میں بھوک، استحصال اور غلامی سے ایندھن پاتی آگ کے شعلے پوری طرح بھڑکنے میں البتہ ابھی نصف صدی کا عرصہ باقی تھا۔

کہانی اب ’شنیدہ‘ سے بڑھ کر ’دیدہ‘ میں داخل ہو چکی ہے۔ ناول کے اس دوسرے حصے میں ناول نگار نے اپنے بَہ راہِ راست مشاہدات قلم بند کیے ہیں۔

اس حصے میں کشمیر کے بدلتے ہوئے سیاسی اور سماجی منظر نامے میں واضح ہل چل دکھائی دے رہی ہے اور کرداروں کی شکل و صورت بھی واضح تر ہو گئی ہے۔ اس حصے میں ناول نگار نے کشمیر کو باقی ہندوستان کی سیاسی کروٹوں کے تناظر میں زیادہ صاف طور پر دکھایا ہے۔

یہاں ہمیں کشمیری اشرافیہ کی صف بندی بھی ملتی ہے اور اس دور کی کشمیری صحافت کے رجحانات اور اخبارات کی سیاسی و گروہی وابستگیوں سے بھی آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

ہمیں بہت تفصیل سے اس دور کے کشمیر کے بالائی طبقے کا آپس میں گٹھ جوڑ دکھائی دیتا ہے۔ یہ وہ طبقہ ہے جو اپنے کاروباری اور گروہی مفادات سے اوپر اٹھ کر دیکھنے کی سکت ہی نہیں رکھتا۔

اس طبقے میں ہمیں صرف غضنفر جو اور سکندر جو ہی نہیں دکھائی دیتے بَل کہ ہمارا سامنا صفدر جنگ ایسے سر سے پاؤں تک انچ انچ درباریوں سے بھی ہوتا ہے جو ہندوستانی ریاستوں اور ڈوگرہ حکم رانوں کے لیے دلالی کا کام کرتے ہیں اور خوب صورت نسوانی جسموں اور زر و مال کی صورت میں صلہ پاتے ہیں۔

اس کے علاوہ ہمیں میر جمن سروش جیسے درباری شاعر بھی دکھائی دیتے ہیں جو بیسویں صدی میں بھی قصیدہ گوئی کے فن کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور جن کی شاعری کی معراج یہ ہے:

راجہ نے مجھ کو حاجب ایواں بنا دیا

چمکا کے شعر مطلع دیواں بنا دیا

آگ میں ظہری صاحب جیسے موقع پرست اشراف کی غلیظ منافقت سے بھی ہمارا واسطہ پڑتا ہے جو جب تک بے روزگار ہوتے ہیں جمہوریت کا راگ الاپتے ہیں اور جب ان کا مُنھ موتیوں سے بھر دیا جاتا ہے تو اپنی لکھی ہوئی شاعری تک ضائع کر دیتے ہیں کہ کہیں ان سے بغاوت کی بو نہ سونگھ لی جائے۔

کشمیر میں ایک تیسرا طبقہ بھی ہے جو کشمیر میں سیاحت کی غرض سے یا حکومتِ ہند کی جانب سے وہاں استعماری بند و بست کو نک سک سے درست رکھنے کے لیے تعینات گورا صاحبوں اور ان کی بیویوں یا داشتاؤں پر مشتمل ہے۔

بھلے ان کا تعلق برطانیہ کے کَاکَنی طبقے سے ہی ہو مگر ان میں ہر کوئی اپنے تئیں تاجِ برطانیہ کا نمائندہ ہے اور غلام ہندوستانیوں کی قسمت کا مالک۔

ان کی ادھیڑ عمر عورتیں اپنے فرسودہ جسموں کی قیمت پر سکندر جو جیسے احساسِ کمتری کے مارے کشمیری شرفاء کا خون چوستی ہیں۔

یہاں ایسی عورتیں بھی دکھائی دیتی ہیں جو حالات کے دھارے پر بہتی ہوئی کشمیر میں آ نکلتی ہیں اور جب ان کے عاشقوں کی لین ڈوری ٹوٹ جاتی ہے تو وہ عبرت کا مرقع بن کر کسی ہانجی کی ہاؤس بوٹ کا کرایہ اپنے جسم کی صورت میں ادا کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔

ناول کے نصف آخر میں کشمیر ایسے دور میں داخل ہو چکا ہے جب ہندوستان کی تقسیم کی بات چل رہی ہے۔ صدیوں کی پُر امن اور روادار ہمسائیگی کے بعد ہندو اور مسلمان مذہبی بنیادوں پر تقسیم ہو کر متحارب فریق بن چکے ہیں۔ کانگریس، مسلم لیگ اور کمیونسٹ پارٹی اپنے اپنے تصورِ آزادی کے ساتھ پوری طرح فعال ہو چکی ہیں اور کشمیر ان کی فعالیت سے بے گانہ رہنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

مسلمانوں کے لیے علیحدہ ملک پاکستان کے قیام کا مطالبہ جوں جوں زور پکڑتا جا رہا ہے کشمیری مسلمانوں اور کانگریس کے حامی پنڈتوں کے درمیان تلخیاں بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔

اگر ایک جانب کشمیری نو جوان مسلم کانفرنس اور نیشنل کانفرنس کے جھنڈوں تلے منظم ہو رہے ہیں تو دوسری جانب مہا سبھائی ذہنیت بھی پوری طرح بیدار ہو چکی ہے اور اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھنے والے سنگھ پریوار کا مسلح ونگ آر ایس ایس ہندو نو جوانوں کو لاٹھی گولی چلانے کی تربیت فراہم کرنا شروع کر چکا ہے۔

جہاں تک پاکستان کی حامی کشمیری اشرافیہ کا تعلق ہے تو ان میں سے زیادہ تر وہ ہیں جو دوغلی زندگیاں بسر کرنے کے عادی ہیں۔ یہی دوغلا پن ان کی سیاسی وابستگیوں میں بھی جھلک رہا ہے کیوں کہ یہ وہ طبقہ ہے جس کی جڑیں زمین میں نہیں ڈوگرہ راج کی غلامی کے پانیوں میں تیر رہی ہیں:

“عبدالکریم خواجہ اور پاکستان اور بیئر سے بھرے ہوئے گلاس کا جھاگ۔ میجر صاحب سوچنے لگے کہ پاکستان ایسے لوگوں کے ذریعے ملا اور ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں رہا تو تاریخ کیا پھر اپنے آپ کو دُہرائے گی؟ دیلمی اور سامانی اور غزنوی اور خلجی، وہی شراب اور حرم… اور بے چارہ جمال دار سردی میں اکڑا ہوا، کمبل اوڑھے، دامن میں کانگڑی جلائے اپنے بیوی بچوں سمیت بیٹھا کانپ رہا ہو گا۔ اس دیلمی، سامانی، غزنوی اور قہرمانی حکومت میں اسے پیٹ بھر کھانا ملے گا بھی یا نہیں؟”

یہاں گریز سے کام لیتے ہوئے ہمیں ایک نگاہ کشمیر کی معاشرت پر بھی ڈالنا ہو گی۔ ہم بیسویں صدی کی پہلی چار دھائیوں کے جس کشمیر کی بات کر رہے ہیں وہ ایک غلام خطہ ہے اور غلامی بھی صدیوں پر محیط ہے۔

دہلی کا تخت کئی صدیوں سے کشمیر کی آزاد اور خود مختار ریاست پر نظریں جمائے ہوئے تھا۔ اسے کشمیر کو زیرِ نگیں کرنے کا پہلا موقع تب ملا جب مغل بادشاہ اکبر نے کشمیر کے آخری خود مختار حکم ران یوسف شاہ چک کو ملاقات کے بہانے دھوکے سے لاہور بلایا اور گرفتار کر کے بہار میں جلا وطن کر دیا اور پھر اس کے بعد کشمیر پر چڑھائی کر دی۔

یوسف شاہ چک ایک عاشق کا دل لیے پیدا ہوا تھا۔ وہ شاعری اور موسیقی کا دل دادہ تھا اور جس خاتون پر عاشق تھا اتفاق سے اس کا نام بھی زون تھا۔

زون جسے تاریخ حِبہ خاتون کے نام سے جانتی ہے با کمال شاعرہ تھی جس کی شاعری کی گونج کشمیری ادبیات میں آج بھی للہ عارفہ کے ہم راہ بہت واضح طور پر موجود ہے۔

یوں 1586 میں مغل فوج کی لشکر کشی کے بعد کشمیر ایک نا مختتم غلامی کی گود میں سونے پر مجبور ہو گیا۔ اس کے بعد انگریزوں نے کشمیر کے ساتھ کیا کیا، سکھوں نے اسے گلاب سنگھ کے ہاتھ کیسے کشمیریوں سمیت بیچا اور گلاب سنگھ کے ڈوگرہ راج میں کشمیری مسلمانوں کے ساتھ کیا کچھ ہوتا رہا؟ یہ رنگین و سنگین داستان طولانی بھی ہے اور اس مضمون کے احاطے سے باہر بھی ہے۔

قصّۂِ مختصر، غلامی کے ماحول میں کشمیر پر جو بد ترین افلاس اور غیر انسانی ماحول مسلط کیا گیا اس نے کشمیریوں کی نفسیات کو مجروح کرنے اور کشمیر کے متوسط طبقے کو مجہول اور موقع پرست بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

عزیز احمد نے آگ میں اس جانب واضح اشارے کیے ہیں۔ جہاں وہ ایک جانب موقع پرست اور منافق کشمیری اشرافیہ کو دکھاتے ہیں جس کے “جُو” خاندان سمیت کئی نمائندے اپنی موقع پرستی کے ساتھ ہمیں ناول میں سرگرم دکھائی دیتے، تو دوسری جانب وہ کشمیر کے عام لوگوں ہانجیوں، مہاجنوں کے کارندوں، نوکروں، مویشی اور بھیڑیں چرانے والوں کو بھی زندگی کے بوجھ تلے کراہتے ہوئے دکھاتے ہیں۔

یہ وہ لوگ ہیں جِنھیں کشمیری اشراف عادتاً حرام خور، دھوکے باز، عادی جھوٹے اور جانے کن کن القابات سے نوازتے ہیں۔ ان میں سے کم ہی ہوں گے جِنھیں اپنی عرفیت کی بَہ جائے اپنا پیدائشی نام یاد ہو۔ یہ لوگ غیر انسانی زندگی کو انسانی سمجھ کر جیتے ہیں اور تہہ در تہہ غلامی کے طفیل اسی پر شاکر ہیں۔

آگ میں کشمیر کا مظلوم ترین طبقہ ہاتو بھی، صدیوں کی غربت اور محکومی کا بوجھ اٹھائے ہوئے کم خوراکی اور بیماریوں کے مارے اپنے انسانی پنجر لیے موجود ہے۔

ان ہاتووں میں غلامی اور احساسِ کمتری کی جڑیں اس قدر گہری ہیں کہ جب ناول کے حصۂِ دوم ’دیدہ‘ کے ایک اہم غیر کشمیری کردار ’میجر صاحب‘ چند ہاتووں کے ٹٹو کرایہ پر لینے کے دوران انھیں اپنے ساتھ کھانے میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں تو وہ انکار کر دیتے ہیں۔

اس کے بعد سخت سردی میں میجر صاحب انھیں اپنے ہوٹل میں بخاری کی آگ تاپنے کا موقع فراہم کرتے ہیں تو ہوٹل کا منیجر ڈنڈے مار مار کر انھیں بھگا دیتا ہے اور وہ اس غیر انسانی سلوک پر بھی خود کو مجرم سمجھتے ہیں۔

عام عورت کہیں بھی ہو مرد کی حاکمیت کے معاشروں میں غلامی یا نیم غلامی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے لیکن کشمیر کی عورت بلا لحاظِ طبقہ بد ترین محکومی میں زندگی بسر کرنے کی عادی ہے۔

اگر وہ متوسط یا بالائی طبقے سے تعلق رکھتی ہے تو اس کا حسن، اس کی آواز سب سات پردوں کے پیچھے گم ہے:

“اور میں واحد متکلم پھر سوچ میں ہوں۔ اس ناول میں ہیروئن کا ملنا مشکل ہی تھا کیوں کہ شریف گھر کی کشمیرن کو کون دیکھ سکتا ہے۔ اس کا حسن، اس کی آواز سب پردہ کرتی ہے۔ ہارون الرشید کے بغداد کی خاتون کی طرح وہ نقاب پہنے بازاروں میں خرید و فروخت نہیں کرتی۔ صرف کھڑکیوں اور جھروکوں سے جھانکتی ہے اور اس کی ٹوپی اور سر سے لٹکتا ہوا پردہ اتنا ہی میلا ہوتا ہے جتنا اس کی نوکرانیوں کا… وہ علم سے، آزادی سے، سورج کی روشنی سے، تازہ ہوا سے، مرد کی نگاہوں سے اور سچی محبت سے محروم ہے۔”

سکندر جُو جیسے کشمیری شرفاء اپنی حد سے بڑھی ہوئی جنسی بے اعتدالیوں کے با وُجود ”اپنے گھر کو صاف“ رکھنے پر یقین رکھتے تھے۔ اس حد تک کہ انور جو کی نو  جوان بیوی تنگ اور گھٹن زدہ مکان میں پڑے پڑے تپِ دق کا شکار ہو رہی ہے لیکن سکندر جو نہیں چاہتا کہ اس کا بیٹا اسے ہوا دار مکان میں لے جائے۔

محنت کش طبقے کی کشمیری عورت پردہ کرنے کی بَہ جائے اپنے مردوں کے شابہ بَہ شانہ کام کرتی ہے اس کے با وُجود اسے مکمل انسان تسلیم نہیں کیا جاتا۔

وہ گندگی اور مہینوں غسل سے محروم رہنے کے باعث جلدی بیماریوں، برص کے داغوں اور کوڑھ کے ساتھ گھٹ گھٹ کر زندگی بسر کرتی ہے۔

یہ وہ مجموعی معاشرت تھی جو غلامی اور غلامانہ ذہنیت کی پیداوار تھی۔ اس ماحول میں ناول نگار کو کوئی ہیرو اور ہیروئن تو درکنار ڈھنگ کا اینٹی ہیرو ملنا بھی محال تھا سو اس ناول میں کوئی ہیرو ہے نہ کوئی ہیروئن ہے۔

تمام کے تمام وہ لوگ ہیں جو غلامی میں پیدا ہوئے اور اسفل ترین درجے کی زندگی بسر کر کے بَہ حالتِ غلامی ہی مر جانا ان کا مقدر ہے۔

کشمیر میں غلامی کا ایک چکر ہے جس سے کوئی باہر نہیں ہے:

“برطانوی حکومت سرمائے کی غلام ہے۔ گورنمنٹ آف انڈیا برطانوی حکومت کی، ریاستِ کشمیر گورنمنٹ آف انڈیا کے سیاسی محکمے کی، کشمیر کے شرفاء ریاست کے غلام ہیں اور شرفاء کی بیویاں شرفاء کی غلام ہیں اور یہ سارا نظام کھنکتے ہوئے سکوں کی جھنکار پر اور چمکتے ہوئے سکوں کی دمک پر قائم ہے۔”

آگ میں غلامی کی داستان کے ساتھ ساتھ اس بیداری کی کروٹیں بھی موجود ہیں جو تیس اور چالیس کی  دھائی میں کشمیر کی سیاست میں ہلچل مچا چکی تھی۔

یہی وجہ ہے کہ جو خاندان کی تیسری پیڑھی میں انور جُو اپنے موقع پرست اور ہوس کے پتلے باپ اور دادا سے بہت حد تک مختلف ہے۔ اس میں کہانی کا ہیرو بننے کے امکانات بھی تھے لیکن بَہ ہر حال وہ اپنے کاروباری مفادات سے زیادہ اوپر اٹھنے کی طاقت سے محروم تھا۔

اس کے با وُجود وہ اس دور کے ان کشمیری نو جوانوں کی نمائندگی کرتا ہے جو خود کو سیاسی بیداری کے ساتھ وابستہ کر چکے تھے۔

انور جُو جس کے ذہن میں ”کانگریس اور مسلم لیگ کے حوالے سے کش مکش جاری تھی۔ وہ سمجھتا تھا کہ بَغیر ہنگامہ کیے آزادی کا حصول نا ممکن ہے،“ اس کی یہ بھی خواہش تھی کہ کانگریسی رہ نماؤں کے جیل جانے کا خلا کاش مسلم لیگی پورا کر دیں۔

انور جُو کی محمد علی جناح کے ساتھ جذباتی وابستگی تھی جن کے خلاف وہ کوئی بات برداشت نہیں کر سکتا تھا۔ وہ سیاسی اجلاسوں میں علامہ اقبال کی کشمیر کے حوالے سے شاعری پڑھ کر لوگوں کا لہو گرماتا تھا۔ ایک بار وہ کسی پتھر پر ”ہندوستان چھوڑ دو“ کا نعرہ لکھا دیکھتا ہے تو اس کا لہو کھول اٹھتا ہے:

“ہندوستان چھوڑ دو؟ کس کے لیے جاپانیوں کے لیے؟ جرمنوں کے لیے؟ جاپانی فوجیں سرحد پر ہیں۔ سٹالن گراڈ کے محاذ پر انسانی تہذیب و جمہوریت بد ترین سامراج اور فاش ازم کے خلاف زندگی اور موت کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ یہ وقت ’ہندوستان چھوڑ دو‘ کی نعرہ زنی کا نہیں بَل کہ بنی نوع انسان کے دشمن نازیوں کو متحدہ جد و جہد سے تباہ کرنے کا ہے۔”

اپنے سیاسی شعور اور فعالیت کے با وُجود انور جو کی فکر اور اس کے عمل میں یک سُوئی کی کمی تھی۔ وہ مختلف قسم کی ٹریڈ یونین بنانے میں بھی سرگرمی سے حصہ لیتا ہے لیکن قالین بافوں کی ٹریڈ یونین نہیں بننے دیتا کیوں کہ قالین بافی کے ساتھ اس کے خاندان کے کاروباری مفاداتجڑے ہوئے ہیں۔

سو اس کے فکر و عمل میں انتشار اور بنیادی تضادات ہیں جِنھوں نے اسے ہیرو بننے دیا نہ مسلم کانفرنسی اور نہ کامریڈ۔

ناول کسی متعین انجام تک نہیں پہنچتا، بَل کہ ایک ابہام کی فضا میں چند سوالات چھوڑتے ہوئے ختم ہو جاتا ہے۔ اس کا ایسا ہی اختتام مناسب تھا کیوں کہ یہ ابہام چالیس کی  دھائی کے کشمیر اور ہندوستان کی نمایاں ترین خصوصیت تھی۔

غلامی ایک طلِسم ہے جسے ایک نہ ایک روز ٹوٹنا ہی ہوتا ہے۔ فکری انتشار اور ابہام بھی تا دیر باقی نہیں رہتا۔ اس کا خاتمہ بھی ہو کر رہتا ہے جو ہوا۔

سو ہم نے اپنی آنکھوں کے سامنے 1989 کے ما بعد کے کشمیر کو اپنی آزادی کے لیے ہر طرح کی قربانی دیتے ہوئے دیکھ لیا ہے اور اپنے کانوں سے غلامی کی قدیم زنجیروں کے ٹوٹنے کی صدا بھی سن لی ہے۔

آج کا کشمیر ماضی کا کشمیر نہیں ہے۔ وہ کشمیر کوئی اور تھا اور یہ کشمیر کوئی اور ہے جہاں ہندُتوا کی جارحانہ پیش رفت نے فکری ابہام کے جالے کو بکھیر کر رکھ دیا ہے۔

آج کے کشمیر میں نام نہاد قوم پرستوں اور کشمیر فروشوں کی اولاد کے لیے کوئی جگہ نہیں بچی۔ آج کا کشمیر سکندر جو اور ظہری جیسے خوئے غلامی کے مارے شرفاء سے دامن چھڑا چکا ہے۔ ان نو جوانوں کا ہے جو اپنے لہو کی اشرفیاں اپنے وطن پر نچھاور کرنے کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔

یہ وہ کشمیر ہے جس نے چار صدیوں پر محیط غلامی سے حتمی طور پر آزادی کا فیصلہ کر لیا ہے چاہے جواں لہو کی پُر اسرار شاہ راہوں میں کتنے ہی معصوم بچوں اور نو جوانوں کو اپنی آنکھیں پیلٹ گنوں کے سامنے پیش کرنی پڑیں اور چاہے اس کے قبرستان آبادیوں سے زیادہ پھیل جائیں۔

غلامی کی سیاہ رات کے بعد آزادی کا سورج طلوع ہونا ہی ہوتا ہے اور بلا شک و شبہ کشمیر کی موجودہ نسل دیر سے سہی اپنی آنکھوں سے چنار کے ٹھنڈے سایوں میں آزادی کے گل نسترن کھلتے ہوئے دیکھے گی۔

٭ ٭ ٭ ٭

About محمد عاطف علیم 26 Articles
محمد عاطف علیم شاعر، افسانہ اور ناول نگار ہیں۔ مشک پوری کی ملکہ اور گرد باد ان کے اب تک آنے والے ناول ہیں، جنہیں قارئین اور نقادوں میں بہت پذیرائی ملی ہے۔