اگر ورچوئل پروفائلز زندہ ہو جائیں

Khizer Hayat

اگر ورچوئل پروفائلز زندہ ہو جائیں

از، خضر حیات

میں اکثر بیٹھے بیٹھے یہ سوچنے لگ جاتا ہوں کہ اگر ہمارے ورچوئل پروفائلز خود مختار ہو جائیں تو کیا ہو گا؟

یعنی ہمارے سوشل میڈیا پروفائلز خود سے دوست بنانے لگیں، خود سے باتیں کرنے لگیں، خود سے جذبات کا اظہار کرنے لگیں۔ انسانی مداخلت کا جواز ہی ختم کر دیں اور ورچوئل حقیقت ہی اصل حقیقت بن جائے۔

کیا اصل حقیقت اور ورچوئل حقیقت کی آپس میں مخاصمت نہیں شروع ہو جائے گی؟

آدمی کچھ سوچ رہا ہو اور اس کا پروفائل کچھ اور ہی کر گزرے۔ آدمی کسی سے دوستی برقرار رکھنے پہ بضد ہو مگر پروفائل اگلے پروفائل سے تنگ آ کر ایک دن بغیر بتائے، بغیر مشورہ کئے اس کی چھٹی کرا دے۔ آدمی کو جب پتہ چلے کہ اس کا پروفائل اس کے انتہائی ذاتی معاملات میں مداخلتیں کرنے لگا ہے تو وہ کیا کرے گا؟ پروفائل کو تنبیہ کرے گا؟ اسے بند کر دینے یا اس کی زندگی ختم کر دینے کی دھمکیاں دے گا؟ یا اس سے بھی کسی دردناک عذاب کی وعید سنائے گا؟

یہ صورت حال کتنی دل چسپ ہوگی!

یا ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ جہاں جہاں پروفائل سے کچھ گڑ بڑ ہو، ایک غیر ڈیجیٹل اور پروفائلز کے نکتۂِ نظر سے اَن دیکھا وجود یعنی انسانی ہاتھ مداخلت کر کے اس گڑ بڑ کو درست کر دے تو پروفائل اسے غیبی مدد نہیں سمجھے گا؟

کیا ایسی ہی معمولی و غیر معمولی مداخلتوں کے سبب انسانی وجود اپنے نام کے پروفائل کو خدا نہیں لگنے لگے گا؟

کیا پروفائلز اپنے اپنے خدا کی حمد و ثناء بیان کرنے میں کسی قسم کا بُخل برتنا گوارہ کریں گے؟

کیا انسان اپنا پروفائل بنا کے اور اس میں لوگوں، چیزوں اور جگہوں کو اکٹھا کرکے اپنی ایک دنیا نہیں ترتیب دے رہا ہوتا؟ اور اپنی بنائی ہوئی دنیا پہ اس کا اختیار بالکل ویسا ہی نہیں ہوتا جیسا کسی بھی خالق کا اپنی کسی بھی مخلوق پر ہوتا ہے؟

کیا ہم کہ سکتے ہیں کہ ہماری پوری دنیا بھی کسی کا بنایا ہوا ایک میڈیا پروفائل ہی ہے اور اس پروفائل کا نام ارتھ ہے یا یونیورس ہے؟

کیا پیدا کرنے والے اور پیدا ہونے والی دنیا کے مابین کسی قسم کی مخاصمت پائی جاتی ہے؟

خالق کی تنبیہ سے مخلوق یا یہ زمین یا یہ دنیا کس قدر خوف زدہ ہیں؟

دوسری صورت حال

اگر سوشل میڈیا پروفائلز زندہ ہو جائیں اور وہ سب ہمارے ساتھ ہی رہنا شروع کر دیں۔

یعنی گھر میں ایک میرا حقیقی وجود ہو جو گوشت پوست سے بنا ہے اور باقی دو چار پانچ آٹھ دس پروفائل بھی میرے ساتھ ہی رہنا شروع کر دیں تو کیسا منظر نامہ سامنے آئے گا؟

مجھ میں اور میرے پروفائلز کے مابین کتنی مطابقت ہو گی؟

میرے وجود کے عکسی اور ڈیجیٹل اظہار میرے آس پاس رہنے لگیں

فیس بک پروفائل، واٹس ایپ پروفائل، انسٹاگرام پروفائل، لنکڈاِن پروفائل، یوٹیوب پروفائل، سنیپ چیٹ پروفائل، روزی ڈاٹ آرگ پروفائل، ساؤنڈ کلاؤڈ پروفائل وغیرہ وغیرہ

گھر میں تل دھرنے کی جگہ نہ بچے۔

پھر ان کی آپس میں لڑائیاں شروع ہو جائیں۔ انسٹاگرام والا پروفائل روزی ڈاٹ آرگ والے سنجیدہ پروفائل سے دور دور رہنا شروع کر دے۔

فیس بک پروفائل سے باقی سارے پروفائلز حسد کرنے لگیں کہ اس کو سب سے زیادہ وقت دیا جاتا ہے اور اسی ایک کی اہمیت ہے بس اس گھر میں۔

ایک نئی طرز کی رقابت کی داستانیں سامنے آنا شروع ہو جائیں۔

گھر میں کوئی مہمان آنا ہو تو پہلے سب پروفائلز سے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ مہمان کے سامنے کون کون سا پروفائل حاضر ہو سکتا ہے اور کس پروفائل کو پیچھے والے کمرے میں بیڈ کے نیچے چھپے رہنا ہو گا۔

کوئی فیس بک والا دوست بطور مہمان گھر میں آتا ہے تو میرے اور دوست کے علاوہ میرے فیس بک پروفائل کو بھی ساتھ بیٹھنے کی اجازت ہو۔ مہمان براہ راست مجھ سے بھی انٹرایکٹ کرسکے اور میرے فیس بک پروفائل سے بھی۔

کوئی عزیز رشتے دار ملنے آئے تو اس کے سامنے اپنا روزی ڈاٹ آرگ والا یا لنکڈ اِن والا پروفائل بٹھا دیں کہ انکل آپ دونوں آپس میں باتیں کریں، تب تک میں بازار سے ہو کے آتا ہوں۔

کوئی بہت خاص آدمی آپ سے ملنے آئے تو اسے اپنے سبھی پروفائلز سے ملوا دیں اور خود بھی مل لیں۔

اس خاص روح کیلئے آپ کی شخصیت کی مکمل تصویر کھینچنا آسان ہو جائے گا اور یوں اس خاص رشتے میں مزید مٹھاس گھلتی جائے گی۔

یہ نئی صورت حال کس قدر حیرت انگیز ہو گی!