ماروے سرمد کا ناظرین کے نام ٹیلی لیٹر

ماروے سرمد کا ناظرین کے نام ٹیلی لیٹر

از، شیراز دستی

مائی ڈئیر لیڈیز اینڈ ہی لیڈیز!
سلام علیکم و حمداللہ و برکا تہ۔

اس لیٹر کے ذریعہ مجھے آج تم لوگوں سے چار باتیں کرنی ہیں: ایک خبر، ایک سبق، ایک وعدہ، اور ایک ریکوئسٹ۔ ریکوئسٹ سے شروع کرتی ہوں(ریکوئسٹ پہ ختم کروں گی)۔
بہنو اور بہنوئیوں! ہمیں اس معاشرے میں آگ چاہیے آگ۔ جتنا ہو سکے بالن لاؤ۔ اس خط کو بھی پڑھتے جاؤ، جلاتے جاؤ۔ الاؤ دھیما نہ پڑنے دو۔ اگرتم لوگ قدامت پسند ہو تو میری باتیں اپنے تک رکھو، اور اگر ندامت پسندہو توبھی اپنے تک۔ بیرسٹر صاحب کی زبان میں کہوں تو جو چرس پی کے سو ئے اس کو بھی سونے دو،جو بُوز پی کے سوئے اس کو بھی۔ لبرلز توخیرہم اب مزید افورڈ ہی نہیں کرتے۔ اس لیے اس طرف تو اب کوئی نہ آئے پڑا۔چار تو ٹوٹل این جی اوئیں ہیں۔ ایک تو۔۔۔۔کی بچی (پوری گالی ٹوئیٹر پہ ڈالوں گی) قندیل کا ستیاناس ہو مفتی عبدالقوی کو مشرف بہ آزاد خیالی کرنے پہ تلی ہوئی ہے۔ اوہ، پلیز!
اب آتی ہوں خبر کی طرف۔ تم لوگوں کو پتہ ہے ناں اس دن مجھے حمداللہ نے کیا کہا؟ (جس کو نئیں پتہ ٹوئیٹر پہ دیکھ لو۔) جن کو پتہ ہے اب سمجھ آئی کیوں پہنتی ہوں ساڑھی میں؟ خیر تم ایڈیٹوں کو سمجھ آتی تو یوں نو نو گھنٹے ٹی وی دیکھتے۔ خیر اصل خبر یہ نہیں تھی۔ میں نے تم لوگوں کو یہ بتانا تھا کہ میں حمداللہ کے ساتھ پارٹنرشپ ختم کر رہی ہوں۔ ہوتی ہے ریٹنگ کم میرے پروگراموں کی تو ہو جائے۔ تم لوگوں کو تو سواد آتا ہے ، مجھے اب نہیں آتا۔ پلیز، برا مت منائیے گا۔ خیر اگر مناؤ گے تو کیا ہو گا؟ جاؤ۔۔۔۔۔(ایک منٹ ایک گالی آ رہی ہے تم لوگوں کے لیے۔نوٹ کر لوں، ٹوئیٹر پہ ڈالوں گی۔)
خیر اصل خبر یہ بھی نہ تھی۔ بائے دا وے تم لوگوں کو پتہ ہے اب تک مجھے کتنے مولویوں کی کالیں آ چکی ہیں؟ ان گنتوں کی۔ چار پانچ تو مجھ سے بھی بڑے ٹھیٹھنڑ ہیں۔ کوئی کہتا ہے میرے ساتھ پروگرام کرو، کوئی کہتا ہے میرے ساتھ کرو۔ اب میں کس کس کے ساتھ کروں؟ مجھے دیکھو ناں تم فولز سے پوچھ رہی ہوں جنہیں آج تک شو اور شعبدے کا فرق نئیں معلوم پڑا۔
خیر نیوز یہ ہے کہ تمام ٹی وی چینلز نے میری پروفائل اپ کر دی ہے۔ میں اب تقریباً سبھی چینلوں پر قندیل کے برابر آگئی ہوں۔اے ون گریڈ۔ مزے کی بات یہ ہے کہ کسی چینل کوبھی میرے گریڈ کا مولوی نہیں مل رہا۔تم لوگ بتاؤ کیا کروں؟ اپنے سے کم گریڈ والے سے تو نئیں کرنے والی میں بھی۔ اور یہ سارے کے سارے مولوی ابھی ’اے‘ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ عامر لیاقت نے زبان نکال لی؛ عبدالقوی نے ٹوپی ہی قندیل کو دے دی؛اور حمزہ علی عباسی کے ساتھ میں آنا نہیں چاہتی۔ (رکو،گالی آرہی ہے، ٹوئیٹر کے لیے۔) اچھا، تو بتاؤ تم لوگ اب کیا کروں میں؟ ہے کوئی میری ٹکر کا مولوی ذ ہن میں؟ جلدی جلدی بتاؤ پروگرام پھیکے جا رہے ہیں میرے۔
خیر تم سٹپڈوں کو اتنی عقل ہوتی تو حمداللہ کو سیریس لیتے؟ لو جی، تھنک آف دا ڈیول اینڈ دا ڈیول از دیئر۔ حمداللہ کا میسج آیا ہے۔اینڈ آئی قوٹ: ’’بی بی کیسے ہو؟ ایک بار پھر بتاتا ہوں، تم آج مبشر لقمان کے پروگرام پہ نہ آئے تو فیس بک پر ہمارا نشان تک نہ رہے گانشانوں میں۔ لوگوں نے پھر سے ٹریکٹر ٹرالی لگا لینا ہے پھر ہمیں نہ کہنا۔ ہم نے سو پروگرام کیا ہے تمہارے ساتھ۔تم کو اچھا لگے گا اگرلوگ ہمیں چھوڑ کر خواجہ آصف پہ پوسٹیں لگائیں؟‘‘
’’نو وے۔ تم نے میرا ٹرسٹ توڑا۔ اتنے اچھے پروگرام کو ادھورا چھوڑا۔‘‘
ہاں تو سبق کی طرف آتی ہوں۔یاد رکھو، اپنے اپنے سکول آف تھاٹ پہ ڈٹے رہو۔ اعتدال وعتدال کے چکر میں پڑے تو بھوکے مر جاؤ گے۔ جو بھی ہو، کٹر رہو۔ لبرل ہو، کمیونسٹ ہو، مولوی ہو، مولوی کے اندر جس فرقے کے مولوی ہو، بس ڈٹے رہو۔ کیوں کہ فنڈنگ کی کیٹیگوریاں ہوتی ہیں۔کلیئر کٹ۔ ہمیشہ انتہا پسندانہ بات کرو۔ کٹ مر جانے والی باتیں، اتارنے پہنانے والی باتیں۔ خوش خلقی سے بات کرو گے تو ٹھینگا بھی کوئی نئیں دے گا۔ دیکھتے نئیں ہو کہ بڑے بڑے اخلاق دان بھی کبھی کبھی منظر سے یکایک غائب ہو جاتے ہیں اور پھر جب تک کسی بہت ہی موٹی سی حرکت کا سہارہ نہ لیں واپس اِن نئیں ہو سکتے۔ لے لیں تو ریٹنگ فوراً اوپر جاتی ہے۔ ۔۔۔اُف مائے نی! یہ اب میری جان کو آ جائے گا۔ پھر میسج ۔اینڈ آئی قوٹ:
’’کہتا ہوں ناں، فیض الحسن چوہان نے روک لیا تھا!!‘‘
اگنور کرتی ہوں۔ ہاں تو میں کہ رہی تھی کہ۔۔۔بھلوا دیا۔اس لیے بھی اب میرا دل نہیں کرتا اس کے ساتھ۔ خود تو رٹے لگائے ہوتے ہیں اور ہمارے تھاٹ پراسس کا خیال ہی نہیں رکھنا، غارت کر دیتا ہے۔ خیر۔
وعدے کی طرف آتی ہوں: اپنی ماں دادی کی قسم کھا کے کہو کہ تم آئندہ قندیل اور قوی کا پروگرام نہیں دیکھو گے۔مجھے نئیں اچھے لگتے ایسے لوگ جن کی ریٹنگیں خواہ مخواہ چڑھی ہوئی ہوں۔ پلیز، تم لوگوں کا وقت تم لوگوں کے پاس میری امانت ہے۔ اسے میرے پروگرام کے لیے وقف رکھو۔ اگر بہت زیادہ شوق ہو اسے برباد کرنے کا تو قومی اسمبلی کا کوئی سیشن دیکھ لیا کرو۔ پر ان دو کو نہ دیکھا کرو۔ تھینکس۔
چلتی ہوں( ٹوئیٹر کی طرف)۔

آپ کی خیر اندھیر،

ماروے